افریقا کے عرب ملک تیونس میں مقامی صحافتی تنظیموں اور انسانی حقوق گروپوں کے زیر اہتمام منعقدہ دو الگ الگ کانفرنسوں میں فلسطینی اسیران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے ان کے حقوق کے لیے ہرسطح پر آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تیونس میں آزاد صحافتی کارکنوں کی جانب سے 25 اور 26 مئی کے ایام میں دو روزہ یکجہتی فلسطینی اسیران کانفرنس منعقد کی گئی جس میں 32 سرکردہ صحافیوں، تیونس کی سول سائٹی کے مندوبین اور سیاسی رہ نماؤں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پر فلسطینی اسیران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا گیا اور اسیران پر ڈھائے جانے والے مظالم کی روک تھام کےلیے قراردادیں منظور کی گئیں۔
اس موقع پر سرکردہ سماجی اور صحافی محمد یاس عمرو نے اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینیوں کی مشکلات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے مقامی صحافی محمد ابو شقراء کی جانب سے شروع کردہ مہم کا خیرمقدم کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی اسیران کے دکھ ہم سب کے دکھ ہیں۔
ادھر جمعہ کے روز دارالحکومت تیونسیہ میں فلسطینی اسیران کے ساتھ یکجہتی کے لیے تیونس پریس کلب کے زیراہتمام ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں سرکردہ صحافی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔