جاپان کی پولیس نے ملک کی تاریخ میں اے ٹی ایم مشینوں سے تین گھنٹوں میں رقوم کی چوری کے سب سے بڑے واقعے کی تفصیلات بیان کی ہیں اور بتایا ہے کہ 100جرائم پیشہ عناصر تین گھنٹوں کے دوران 1.4 ارب جاپانی ین رقم چوری کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ یہ رقم امریکی کرنسی میں 12 ملین 7 لاکھ ڈالر سے زیادہ بنتی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جاپاپنی پولیس کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم چوری کرنے میں ملوث ایک عالمی گروہ کےعناصر نے 15 مئی کو ایک ہی دن میں اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم کی چوری کی سیکڑوں وارداتیں کیں۔ جرائم پیشہ افراد نے جنوبی افریقا کے بنکوں سے حاصل کردہ 1600اے ٹی ایم کارڈز کے بیانات کا استعمال کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 1400 اے ٹی ایم مشینوں کا استعمال کیا۔ کیوڈو نیوز کے مطابق اے ٹی ایم مشینوں سے رقوم کی چوری کی وارداتیں انتہائی حساس قرار دیے جانے والے شہر اور دارالحکومت ٹوکیو اور 16 دوسرے اضلاع سے کی گئیں۔
جاپانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس ابھی تک کسی شخص کو رقوم کی چوری میں ملوث افراد کو پکڑنے میں کامیاب نہیں ہوئی تاہم ملزمان کی تلاش کا سلسلہ مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کی وارداتیں مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ سے آٹھ بجے کے درمیان ہوئی ہیں۔