فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں اسرائیلی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں ایک فلسطینی شہری زخمی ہوگیا۔
عینی شاہدین نے مرکزاطلاعات فلسطین کو بتایا کہ اسرائیلی فوج کی نام نہاد عرب فورس پر مشتمل یونٹ کے اہلکاروں نے شمالی بیت لحم میں مسجد بلال بن رباح کے قریب ایک فلسطینی نوجوان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیاہے کہ فلسطینی پر گولی اس وقت چلائی گئی جب اس نے وہاں پر تلمودی تعلیمات اداکرنے والے یہودیوں پر پٹرول بم پھینکا تھا تاہم صہیونی فوج کی اس نام نہاد دعوے کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی فلسطینی شہری کو بیت جالا میں سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی شہری کی ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں تاہم اب اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
ادھر مشرقی بیت لحم کے تقوع قصبے میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے یہودی فوجیوں پر سنگ باری کی گئی جس کے نتیجے میں دو فوجی زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوجیوں پر سنگ باری اس وقت کی گئی جب انہوں نے فلسطینی شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی اور ربڑ کی گولیوں سے حملہ کیا تھا۔