مصر کے صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کی خصوصی دعوت پر اسرائیلی سفارت کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد قاہرہ پہنچا ہے جو دو روز تک مصر میں قیام کرے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق صد السیسی کے دعوت پر قاہرہ آنے والے وفد کی قیادت اسرائیلی وزارت خارجہ کی ڈائریکٹر برائے مشرق وسطیٰ امور اویوا راز چیختار کر رہی ہیں۔
مصر کے سفارتی ذریعے کا کہنا ہے کہ صدر السیسی کی دعوت پر قاہرہ پہنچنے اسرائیلی سفارتی وفد مصر میں حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کرے گا۔
خیال رہے کہ اسرائیلی سفارت کاروں کا یہ وفد ایک ایسے وقت میں قاہرہ پہنچا ہے جب ایک ہفتہ قبل صدر عبدالفتاح السیسی نے فلسطین۔ اسرائیل تنازع کے حل میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیش کش کی تھی۔ انہوں نے فریقین پر زور دیا تھا کہ وہ حل طلب مسائل پر دوبارہ براہ راست بات چیت شروع کریں۔
صدر السیسی کے بیان پر اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی دونوں کی جانب سے خبرمقدم کیا گیا۔ خیال رہے کہ مصر میں 25 جنوری 2011ء کو برپا ہونے والے انقلاب کے بعد اسرائیل اور مصر کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے۔ تاہم سنپ 2013ء کو مصرمیں منتخب صدر محمد مرسی کا تختہ الٹ کر اقتدار پرقبضہ کرنے والی فوجی حکومت نے اسرائیل کے ساتھ دوبارہ راہ رسم بڑھا لیے ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان تعطل کا شکار ہونے والے سفارتی تعلقات ایک بار پھر بحال ہو گئے ہیں۔