اسرائیل کی جانب سے فلسطین کے محصورعلاقے غزہ کی پٹی کو دو ماہ قبل سیمنٹ اور تعمیراتی سامان کی سپلائی روکے جانے کے بعد آج سوموار سے سیمنٹ کی سپلائی بحال کردی گئی ہے۔
گذرگاہ سے متعلق امور کی نگران کمیٹی کے رکن راید فتوح نے بتایا کہ سوموار کو غرب اردن اور غزہ کے درمیان تجارتی آمد ورفت کے لیے استعمال ہونے والی کرم ابو سالم راہد داری سے 90 ٹرک سیمٹ لے کر غزہ میں داخل ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ سیمنٹ کی یہ کھیپ 2 ماہ کے تعطل کے بعد بحال کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دو ماہ پیشتر اسرائیلی حکومت نے یہ کہہ کر غزہ کی پٹی کو سیمنٹ کی سپلائی بند کردی تھی کہ غزہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ سیمنٹ کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کررہی ہے۔ تاہم اقوام متحدہ اور عالمی امدادی اداروں نے اسرائیلی حکومت کے دعوے کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔
فلسطینی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیاہے کہ غزہ میں جاری تعمیراتی منصوبوں کے لیے یومیہ 2 لاکھ 10ہزار ٹن سیمنٹ درکار ہوتی ہے مگر اسرائیلی پابندیوں کے باعث غزہ کو اس کی ضرورت کے مطابق سیمنٹ سپلائی نہیں کی جاتی۔