فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں قائم ایک پناہ گزین کیمپ میں ہفتے کے روز نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد کیمپ میں سخت کشیدگی پائی جا رہی ہے۔
مقامی ذرائع نے مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ نامعلوم نقاب پوش افراد نے جنین پناہ گزین کیمپ میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں زیاد بدویہ نامی ایک شہری کی ٹانگ میں گولیاں لگی ہیں۔ زخمی شہری کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا یہ واقعہ پناہ گزین کیمپ کے حارہ الحواشین کے مقام پر پیش آیا۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد شہری خوف زدہ ہوگئے اور آخری اطلاعات تک کیمپ میں خوف وہراس کی فضائی پائی جا رہی تھی۔
خیال رہے کہ جنین پناہ گزین کیمپ میں فائرنگ اور بدامنی کا یہ پہلا واقعہ نہیں بلکہ اس سے قبل بھی فائرنگ کے واقعات میں ایک وکیل اور ڈاکٹر سمیت تین افراد زخمی ہو چکے ہیں۔