فلسطینی مرکزی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ایک رپورٹ میں سنہ 2015ء کے آخر میں جاری کردہ اعداد و شمار میں بیت المقدس کی کل آبادی 4 لاکھ 19 ہزار 108 نفوس بتائی گئی ہے۔ بیت المقدس کی آبادی کل فلسطین کا 9 اور غرب اردن کا 14.6 فی صد ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سنہ 2015ء کے اعدادو شمار میں بیت المقدس سمیت فلسطین کے تمام علاقوں میں لڑکوں کو عددی برتری حاصل ہے۔ بیت المقدس میں 100 لڑکیوں کے مقابلے میں 105 لڑکے، جب کہ غرب اردن اور غزہ کی پٹی میں 100 لڑکیوں کے مقابلے میں 103 لڑکے بتائے گئے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بیت المقدس میں کل آبادی کا 35 فی صد 15 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے جب کہ سنہ 2013ء میں یہ تعداد کل آبادی کا صرف 6.7 فی صد تھی۔ بیت المقدس میں آباد کل فلسطینیوں میں 25.1 فی صد پناہ گزین ہیں۔ القدس میں یہودی کالونیوں کی تعداد 26 ہے۔ سنہ 2013ء کے آخر تک غرب اردن میں 148 یہودی کالونیاں قائم کی گئی تھیں۔ غرب اردن میں یہودی آباد کاروں کی تعداد 5 لاکھ 81 ہزار اور القدس میں 2 لاکھ 81 ہزار 684 یہودی آباد تھے۔