اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں شعفاط۔ ۔ بیت حنینا سڑک پر ایک کارروائی کے دوران ایک سولہ سالہ فلسطینی لڑکے کو حراست میں لیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار کیے گئے لڑکے سے ایک چاقو برآمد ہوا ہے۔ وہ اس چاقو کی مدد سے اسرائیلی فوج پرحملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوما السمری نے بتایا کہ پولیس نے ایک سولہ سالہ فلسطینی لڑکے کو ایک چیک پوسٹ پر روکا اور اس کی تلاشی لی گئی تو اس کے قبضے سے ایک چھری برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے اسے مزید تفتیش کے لیے ایک خفیہ مقام پر منتقل کردیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے لڑکے نے ابتدائی تفتیش میں بتایا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔
خیال رہے کہ پچھلے سال اکتوبر کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج نے ایسے سیکڑوں فلسطینی شہریوں کو حراست میں لیا جن پر یہ الزام عاید کیا گیا کہ وہ یہودی آباد کاروں اور فوج پر حملوں کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔