چهارشنبه 30/آوریل/2025

یہودی توسیع پسندی اور دیوار فاصل کے خلاف فلسطینیوں کے مظاہرے

ہفتہ 21-مئی-2016

فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں بالخصوص رام اللہ، بعلین، نعلین اور کفر قدوم میں جمعہ کے روز نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد اسرائیلی توسیع پسندی، ریاستی دہشت گردی اور دیوار فاصل کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور جگہ جگہ جلوس اور ریلیاں منعقد کی گئیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں دسیوں افراد زخمی ہوگئے۔

مغربی رام اللہ میں نعلین کے مقام پر نکالی گئی احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج نے وحشیانہ تشدد کیا۔ مظاہرین پر لاٹھی چارج کے ساتھ ساتھ آنسوگیس کی شیلنگ کی گئی اور دھاتی گولیوں سے بھی مظاہرین کو نشانہ بنایا گیا۔ آنسوگیس کی شیلنگ سے درجنوں افراد زخمی ہوئے جب کی دھاتی گولیوں اور لاٹھی چارج سے کئی فلسطینی لہو لہان ہوئے۔

نعلین کے مقامی سماجی کارکن محمد عمیرہ کے مرکزاطلاعات فلسطین کوبتایا کہ فلسطینی شہریوں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران اراضی پر اسرائیلی فوج کے غاصبانہ قبضوں کے خلاف بھی نعرے بازی کی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نعلین میں فلسطینیوں کی ملکیتی اراضی پرقبضے کی کوششیں کررہی ہے جس پر فلسطینی شہری سراپا احتجاج ہیں۔

ادھر بعلین کے مقام پر بھی فلسطینی شہریوں نے اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی، توسیع پسندی اور دیوار فاصل کے خلاف احتجاجی ریلیاں نکالیں۔ اس موقع پر قابض فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا۔

کفر قدم کے مقام پر بھی اسرائیلی توسیع پسندی کے خلاف مظاہرے کیے گئے۔ صہیونی فورسز نے حسب معمول مظاہرین پر طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔

مختصر لنک:

کاپی