فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں ایک کھیت میں کھیتی باڑی کے دوران زمین میں دھنسے ناکارہ بم کے دھماکے کے نتیجے میں ایک 62 سالہ فلسطینی کسان شدید زخمی ہو گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے پھینکا گیا بم پھٹنے سے 62 سالہ ابراہیم ابو مغصیب زخمی ہو گیا۔ یہ واقعہ وسطی غزہ کے دیر البلح قصبے کی وادی السلقا کالونی میں اس وقت پیش آیا جب ابو مغصیب اپنی زمین میں کاشت کاری میں مصروف تھا۔
مقامی فلسطینی ذرائع کے مطابق زخمی فلسطینی کسان کو شہداء الاقصیٰ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کی پٹی پر وحشیانہ بمباری کے دوران بڑی تعداد میں ایسے بم بھی گرتے رہے ہیں جو فوری طورپر پھٹ نہیں سکے، مگر ہزاروں کی تعداد میں ایسے بم اب فلسطینی شہریوں کے لیے ٹائم بم کا درجہ رکھتے ہیں۔ ناکارہ بم پھٹنے کے اکثر واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں جن میں کئی فلسطینی شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔