بدھ کے روز بڑی تعداد میں یہودی آبادکاروں نے خواتین اور بچوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کا ارتکاب کیا۔ اس موقع پر اسرائیلی پولیس اور فوج نے یہودی شرپسندوں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق یہودی آباد کار اپنے خاندانوں کے ہمراہ مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے سے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور تلمودی تعلیمات کی روشنی میں مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں اشتعال انگیز حرکات کرتے رہے۔
اس موقع پر مسجد اقصی میں موجود دینی مدرسے طلباء اور حفاظ قران نے یہودی آباد کاروں کو روکنے کی کوشش کی مگر اسرائیلی پولیس نے انہیں بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ فلسطینی شہریوں نے یہودیوں کی آمد کے موقع پر ان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
یہودی آباد کاروں اور ان کے خاندانوں کی آمد کے موقع پر فلسطینی خواتین کو قبلہ اول میں عبادت کے لیے داخل ہونےسے روک دیا گیا جس پر انہوں نے قبلہ اول کے باہر کھڑے ہو کر تلاوت کلام پاک شروع کر دی۔