جمعه 09/می/2025

سوشل میڈٰیا پر اشتعال پھیلانے کے الزام میں فلسطینی کو سزا

منگل 17-مئی-2016

اسرائیل کی ایک فوجی عدالت نے فلسطینی صحافی کو سماجی رابطے کی ویب سائیٹ’فیس بک‘ پر اشتعال پھیلانے اور اسرائیلی جرائم کو بے نقاب کرنے کی پاداش میں نو ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے سے تعلق رکھنے والے فلسطینی صحافی سامی الساعی کو صہیونی فوجیوں نے چند ہفتے قبل حراست میں لیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ وہ سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک کے ذریعے اسرائیل مخالف مواد کی تشہیر کر رہے ہیں۔

اسیر صحافی کی اہلیہ امانی الجندب نے میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل کی سالم نامی فوجی عدالت نے اس کے شوہر کو نو ماہ قید کی سزا کا حکم  دیا ہے۔ الجندب کا کہنا ہے کہ اس کے شوہر کے خلاف اسرائیلی پراسیکیوٹرنے سوشل میڈیا پر اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے کے الزام میں تیار کردہ فردم جرم کے مطابق فیصلہ سنایا گیا ہے۔ ان پر الزام تھا کہ وہ فیس بک کے ذریعے اسرائیل کے خلاف اشتعال انگیزی پھیلاتے رہے ہیں۔

اسیر کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی عدالت نے ان کے شوہر کا موقف سننے سے انکار کر دیا اور ان کے وکلاء کو بھی دلائل دینے کی اجازت نہیں دی گئی۔ یوں یہ فیصلہ صرف اسرائیلی پراسیکیوٹر کی درخواست پر سنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ 35 سالہ صحافی سامی الساعی کو اسرائیلی فوج نے نو مارچ کو حراست میں لیا تھا۔ دوران حراست انہیں وحشیانہ تشدد کا بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ کئی ہفتے تک انہیں جنوبی نابلس میں قائم حوارہ ملٹری حراستی مرکز میں رکھا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی