فلسطین میں اسرائیل کے ناجائز قیام کے 68 برس مکمل ہونے پر ملک کی دو بڑی مزاحمتی تنظیموں اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ اور اسلامی جہاد نے اسرائیلی قبضے کے خلاف ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے فلسطینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ آزادی کے لیے جاری تحریک اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کے لیے جاری تحریک انتفاضہ القدس میں شامل ہو جائیں تاکہ دشمن کے مذموم عزائم خاک میں ملائے جا سکیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس اور اسلامی جہاد نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں آج 15 مئی کو ’یوم نکبہ‘[قیام اسرائیل] کے موقع پر ملک بھرمیں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ دونوں جماعتوں نے فلسطینیوں پر زور دیا ہے کہ وہ یوم نکبہ کے حوالے سے منعقدہ ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور یہودی کالونیوں اور فلسطینی شہروں کو ملانے والے مقامات پر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں۔
دونوں فلسطینی تنظیموں نے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی حالیہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے غزہ میں دراندازی کے خلاف مل کرلڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ حماس اور اسلامی جہاد کا کہنا ہے کہ ’یوم نکبہ‘ کا پوری قوم کے لیے یہی سبق ہے کہ تمام فلسطینی اپنے دیرینہ حقوق اور مطالبات کے لیے شیروشکر ہوجائیں۔ بیت المقدس میں یہودی سازشوں، قبلہ اول کے بے حرمتی، غرب اردن میں یہودی آباد کاری اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف مل کر جدو جہد کریں اور دشمن کی سازشوں کو ناکام بنا دیں۔