بیلجئیم کے وزیر خارجہ دیدئیر رینڈرز نے غزہ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے منصوبے کی مدد کے لئے ایک معاشی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔
2014ء میں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں تباہ ہونے والے علاقے شجاعیہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رینڈرز نے اسرائیلی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں تعمیری سامان لانے کی اجازت دیں تاکہ غزہ میں ہزاروں سکولوں، گھروں اور اہم تنصیبات کی تعمیر نو کا کام تیزی سے مکمل ہوسکے۔
انہوں نے بتایا کہ غزہ کی تعمیر نو کا کام انتہائی سست رفتاری سے چل رہا ہے۔ انہوں نے اپنے ملک کی جانب سے غزہ کی تعمیر نو کے لئے پوری حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ معاشی کانفرنس میں نہ صرف تعمیر نو بلکہ محاصرہ زدہ غزہ کو امداد کی فراہمی پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
رینڈرز کا کہنا تھا "ہم نے اسرائیلی حکومت سے رابطے کئے ہیں تاکہ وہ تعمیراتی سامان کے غزہ میں داخلے کی اجازت دیں۔ ہماری کوشش ہے کہ تعمیر نو کے عمل اور معاشی ترقی میں سہولت کار کے طور پر کردار ادا کیا جائے۔” بیلجئین وزیر خارجہ کا یہ دورہ ترک اور سوئس سفراء کے دورہ غزہ سے صرف ایک روز بعد ہوا ہے۔