اقوام متحدہ کے فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود کے لیے قائم کردہ ادارے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی’’اونروا‘‘ نے بتایا ہے کہ سویڈن کی حکومت نے اندرون فلسطین اور بیرون ملک مقیم فلسطینی مہاجرین کے لیے آٹھ ملین ڈالر کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اونروا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی جانب سے فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے غیرمشروط امداد فراہم کی گئی ہے۔ یہ امدادی رقم شام میں خانہ جنگی سے متاثرہ فلسطینی مہاجرین، غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے میں موجود فلسطینی پناہ گزینوں کی ضروریات پر صرف کی جائے گی۔
اونروا کے ڈائریکٹر مایکل کینگزلی نے بتایا کہ جنیوا حکومت کی جانب سے اعلان کردہ امدادی رقم جلد ہی ادارے کو موصول ہو جائے گی جسے سب سے پہلے شام میں جنگ سے متاثرہ فلسطینی پناہ گزینوں کی ضروریات اور ان کی بحالی پر خرچ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فلسطینی شہروں میں پناہ گزین کی حیثیت سے قیام پذیر فلسطینیوں کو خوراک، نقد اور دیگر ضروری اشیاء کی شکل میں امداد فراہم کی جائے گی۔