جمعه 15/نوامبر/2024

اسرائیلی فوج کا بیت المقدس میں مظاہرین پر حملہ، 19 فلسطینی لہولہان

منگل 10-مئی-2016

فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں العیزریہ کے مقام پر پرامن اور نہتے فلسطینیوں کی ایک احتجاجی ریلی پر اسرائیلی فوج نے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم سے کم 19 فلسطینی زخمی ہو گئے ہیں۔

مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ العیزریہ کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج میں کشیدگی اس وقت پیدا ہوئی جب قابض فوج نے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ اس پر فلسطینی شہری قابض فوج کے خلاف نعرے لگاتے سڑکوں پر نکل آئے اور ایک مظاہرے کی شکل اختیار کر لی۔ اس دوران اسرائیلی فوج نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا، آنسوگیس کی اندھا دھند شیلنگ کی اور ان پر ربڑ کی گولیاں چلائیں، جس کے نتیجے میں کم سے کم 19 افراد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مشتعل فلسطینیوں نے دشمن فوج کی گاڑیوں پر سنگ باری اور پٹرول بم بھی پھینکے۔

ہلال احمر فلسطین کا کہنا ہے کہ دو شہریوں کو دھاتی گولیوں سے گہرے زخم آئے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کی حالت تشویشناک ہے۔ 19 افراد آنسوگیس کی شیلنگ اور لآٹھی چارج سے زخمی ہوئے۔ بیشتر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی جب کہ بعض کو اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے۔

مختصر لنک:

کاپی