فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کی جانب سے باقاعدہ حملے کے لیے ریہرسل کے طورپر فرضی بمباری جاری ہے جس کے نتیجے میں شہریوں میں سخت خوف وہراس پھیل گیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی کی فضاء میں اسرائیلی فوج کے جنگی طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کی نچلی پروازیں جاری ہیں۔ سوموار کو علی الصباح اسرائیلی فوج نے غزہ کے مختلف مقامات پر صوتی بم گرائے جس کے نتیجے میں شہری گھروں میں محصور ہوگئے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوج کے فرضی حملے نہ صرف جنگ کی ریہرسل ہیں بلکہ یہ فلسطینی عوام کے خلاف نفسیاتی جنگ کا ایک مکروہ حربہ ہیں۔ فرضی بمباری ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج نے غزہ میں مزاحمتی تنظیموں کے مراکز پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں ایک خاتون شہید اور تین بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔