اسرائیلی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے جنوبی شہر رفح میں صوفا کے مقام پر زیرزمین 28 میٹر سرنگ کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار غزہ کی پٹی میں سرنگوں کی کھدائی کا سلسلہ بدستور جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اسرائیل کے ذرائع ابلاغ میں آنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘ کے مزاحمت کاروں کی طرف سے رفح کے علاقے میں سرنگوں کی تلاش میں مصروف فوجیوں پر ہاون راکٹوں سے حملہ کیا۔
فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ رفح کے علاقے میں سرنگوں کی موجودگی کے حوالے سے کیے گئے سرچ آپریشن میں ایک سرنگ کا پتا چلایا گیا ہے جو حال ہی میں کھودی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سرنگ کی موجودگی کا پتا پچھلے ماہ چلا تھا تاہم اس کی مکمل نشاندہی حال ہی میں کی گئی ہے۔ یہ سرنگ غزہ کی سرحد پر 28 میٹر کے علاقے میں کھودی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقے غزہ کی پٹی پر تازہ جارحیت مسلط کی ہے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ صہیونی فوج کا دعویٰ ہے کہ فلسطینی مزاحمت کار غزہ کی پٹی میں اہم مقامات پر سرنگیں کھود کر انہیں فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔