اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کرنے کے لیے حیلے بہانے ڈھونڈ رہا ہے۔ دشمن نے غزہ پر جنگ کی حماقت کی تو دشمن کو آگ کے سمندر میں غرق کردیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں جس سرنگ کی موجودگی کا پتا چلانے کا دعویٰ کیا ہے وہ پرانی اور ناقابل استعمال ہے۔ مجاھدین اپنی دفاعی تیاریوں کے بارے میں دشمن کو نہیں بتاتے بلکہ جنگ کی صورت میں دشمن کو سرپرائز دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی مجاھدین تنظیمیں باہم متحد اور دشمن کی گھات میں ہیں۔ غزہ کی پٹی پر جارحیت مسلط کی گئی تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔
بیان میں اسرائیلی فوج کے اس دعوے کو مسترد کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ القسام بریگیڈ کی ایک تازہ سرنگ کا انکشاف ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں جس سرنگ کی موجودگی کا دعویٰ کیا ہے وہ پرانی ہے اور اسے کافی عرصہ پیشتر بند کردیا گیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل غزہ کی پٹی میں سرنگوں کی موجودگی کو جواز بنا کر جنگ مسلط کرنے کی راہ تلاش کررہا ہے۔ مگر فلسطینی مزاحمت کار دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی پر نئی جنگ مسلط کرنا پورے خطے کو سنگین خطرے اور بحران سے دوچار کرنے کے مترادف ہوگا۔
خیا رہے کہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے غزہ کی سرحد کے قریب ایک زیرزمین سرنگ ملی ہے جس سے مبینہ طورپر فلسطینی مزاحمت کار زمین دوز مورچے کے طورپر استعمال کرتے رہے ہیں۔ القسام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج خود ہی اس سرنگ کو سیورج لائن کے لیے استعمال کرچکی ہے۔