جمعه 15/نوامبر/2024

علماء کی معراج کے موقع پر فلسطینیوں سے قبلہ اول میں حاضری کی اپیل

منگل 3-مئی-2016

فلسطین کے سرکردہ علماء نے پوری قوم سے 27 رجب المرجب بہ روز بدھ 1437ھ کو واقعہ معراج کے موقع پر قبلہ اول میں اپنی حاضری یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ قبلہ اول کے امام وخطیب اور ممتاز عالم دین الشیخ عکرمہ صبری کا کہنا ہے کہ قوم قبلہ اول سے اپنا تعلق مضبوط بنائے تاکہ صہیونیوں کی مسجد اقصیٰ کو تقسیم کی سازشیں ناکام بنائی جا سکیں۔

مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ممتاز عالم دین اور فلسطینی علماء کونسل کے چیئرمین الشیخ عکرمہ صبری نے کہا کہ واقعہ معراج تمام مسلمانوں کو بالعموم اور فلسطینی مسلمانوں کو بالخصوص قبلہ اول میں اپنی حاضری کو یقینی بنانے کی دعوت دیتا ہے۔ اس لیے فلسطینی قوم واقعہ معراج کے موقع پر قبلہ اول میں آئیں، عبادات اور نوافل کی ادائی کے ساتھ قبلہ اول سے اپنے تعلق کا ثبوت پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کے لیے یہ بات انتہائی قابل فخرہے کہ ہم قبلہ اول کے امین اور محافظ ہیں۔ دنیا کے تیسرے مقدس ترین مقام کے متولی ہونے کی حیثیت سے قبلہ اول کے دفاع کی پہلی ذمہ داری بھی فلسطینی قوم پرعاید ہوتی ہے۔ یہی وہ مقدس مقام ہے جہاں سے پروردگارعالم نے نبی آخر الزمان سرورکونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا سے آسمان دنیا کی سیر کرائی اور سفر معراج کا شرف سرزمین فلسطین کو بھی بخشا گیا۔

مختصر لنک:

کاپی