اسرائیل اور اردن کے درمیان بحر مردار میں گیس کے خفیہ معاہدے کے بارے میں خبریں سامنے آنے کے بعد عوامی ، سماجی اور سیاسی حلقوں میں شدید رد عمل سامنےآیا ہے
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اردن میں قومی دفاع اور اسرائیل سے تعلق کے خلاف سرگرم قومی کمیٹی نےاردنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ بحر مردار میں گیس کے حصول کے خفیہ معاہدے کی وضاحت کرے۔
عوامی کمیٹی کے چیئرمین مناف مجلی نے سوموار کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ بحر مردار میں اسرائیل کو گیس کے اخراج کا ٹھیکہ دینا اردن کے قدرتی وسائل بالخصوص گیس کی چوری کا حق دینا ہے۔
مناف مجلی کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو اردنی قومی وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا کوئی حق نہیں ہے۔ اگر اردنی حکومت اسرائیل کوبحر مردار میں گیس کی نکاسی کا ٹھیکہ دیتا ہے تو یہ اردنی گیس کی چوری تصور کی جائے گی۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اردنی حکومت نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کے ساتھ مل کر بحر مردار میں گیس کے حصول کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ اسرائیل کی جانب سے اس دعوےکی تصدیق کی گئی تھی تاہم یہ اطلاعات بھی آئی تھیں کہ تکنیکی اور مالی وجوہات کی بناء پر اس منصوبے پر کام مزید کئی ماہ تک تاخیر کا شکار ہو سکتا ہے۔