فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں سوموار کی شام ایک فلسطینی شہری کے چاقو کے حملے کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کار زخمی ہو گیا۔
عبرانی نیوز ویب پورٹل 0404 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہودی آباد کار پر چاقو سے حملہ پرانے بیت المقدس شہر میں پیش آیا۔ حملہ آور کارروائی کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔
واقعے کے فوری بعد اسرائیلی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کرسرچ آپریشن شروع کر دیا، تاہم حملہ آور کا کوئی پتا نہیں چل سکا ہے۔
اسرائیلی پولیس کی خاتون ترجمان لوبا السمری کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک چاقو ملا ہے۔ پولیس نے حملہ آور کی تلاش کے لیے چھاپے مارے ہیں۔ آخری اطلاعات تک مشتبہ فلسطینی نوجوان کی تلاش جاری تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ فلسطینی چاقو بردار کے حملے کا نشانہ بننے والا یہودی آباد کار 60 سال کی عمر کا ہے اور اسے الخالدیہ کے مقام پر چاقو سے حملے کا نشانہ بنایا گیا۔
خیال رہے کہ پچھلے سال اکتوبر کے بعد سے فلسطین میں جاری تحریک انتفاضہ کے دوران اب تک فلسطینی شہریوں کے مزاحمتی حملوں میں 34 صہیونی ہلاک 500 زخمی ہوئے۔