اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے مہینے میں عراق میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں مجموعی طور پر 2000 سے زاید شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے زیراہتمام ہائی کمیشن برائے معاونت عراق "یونامی” کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے مہینے دہشت گرد اور مسلح تصادم کے نتیجے میں 741 عراقی شہری ہلاک اور 1374 زخمی ہوئے ہیں۔
’یونامی‘ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں تشدد کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے 410 افراد میں 11 پولیس اہلکار، شہری دفاع کے اہلکار، فائر بریگیڈ کے اہلکار اور قومی املاک کی حفاظت پر مامور سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں۔ زخمی ہونے والے 973 شہریوں میں 20 پولیس اہلکار اور دیگر اداروں سے وابستہ افراد شامل ہیں۔
تشدد کے مختلف واقعات میں 331 فوجی اہلکار ہلاک اور 401 زخمی ہوئے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں میں کرد فوج البیشمرکہ کے اہلکار، عراق کی ایلیٹ فورس اور عام عراقی فوج کے سپاہی شامل ہیں۔
مارچ کی نسبت اپریل میں عراق میں کم جانی نقصان ہوا۔ مارچ کے دوران 1119 شہری ہلاک اور 1561 زخمی ہوئے تھے۔
یونامی کی رپورٹ کے مطابق بغداد گورنری دہشت گردی کے واقعات میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں شامل ہے جہاں 232 افراد ہلاک اور 642 زخمی ہوئے۔ اس کے بعد نینویٰ میں 72 شہری ہلاک اور 30 زخمی ہوئے۔ صلاح الدین گورنری میں 32 ،دیالی میں 17، کرکوک میں 16 اور البصرہ میں 8ہلاکتوں کا اندراج کیا گیا۔