اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے آئندہ ماہ مئی میں اپنی کابینہ میں کئی نئے چہروں کو شامل کرنے اور بعض وزراء کو ان کے عہدوں سے ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔
اخبار "ہارٹز” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ وسط مئی تک کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی جائیں گی۔ نئی کابینہ میں حکمراں اتحاد کے سربراہ زاحی ہنگبی کو وزیرکا درجہ دیا جائے گا، تاہم انہیں فی الحال وزارت کا قلم دان نہیں سونپا جا رہا ہے۔ حکمراں اتحاد کی قیادت رکن کنیسٹ ڈیوڈ بیٹان کو سپرد کی جائے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا گیا ہے کہ زاحی ہنگبی اس وقت پارلیمنٹ کی خارجہ و سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ پارلیمنٹ کی خارجہ وسیکیورٹی کمیٹی کی قیادت آئی دیختر یا بینی بیگن کو سونپے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی اخبارات نے انکشاف کیا تھا کہ وزیراعظم نیتن یاھو اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مخلوط حکومت کے قیام کے لیے مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہوچکے ہیں۔ جلد ہی حکومت اور اپوزیشن مل کر ملک میں مخلوط قومی حکومت کی تشکیل کا اعلان کریں گے۔