جمعه 15/نوامبر/2024

مسجد اقصیٰ پر یہودی یلغار کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے: اردن

پیر 25-اپریل-2016

اردن کی حکومت نے یہودی آباد کاروں کے مسجد اقصیٰ پر مسلسل دھاووں پر باضابطہ طور پر احتجاج کرتے ہوئے صہیونی حکومت کو خبردار کیا ہے کہ مسلمانوں کے مقدس مقام کی مسلسل بے حرمتی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے جن کی تمام ترذمہ داری تل ابیب پر عاید ہوگی۔

مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اردنی حکومت کے ترجمان محمد المومنی نے عمان میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے بڑھتے دھاووں کو باریک بینی سے مانیٹر کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیل کو متعدد مرتبہ متنبہ کرچکے ہیں کہ مسجد اقصیٰ پریہودی آباد کاروں کی یلغار کے سنگین نتائج سامنے آسکتے ہیں اور کسی بھی ناخوش گوار واقعے کی ذمہ داری تل ابیب پر عاید ہوگی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ مسجد اقصیٰ کے تقدس کی پامالی میں صرف یہودی آباد اور انتہا پسند یہودی گروپ ہی ملوث نہیں بلکہ اسرائیلی پولیس، فوج  اور خفیہ اداروں کے اہلکار بھی اس مذہبی اشتعال انگیزی میں برابر کے قصور وار ہیں۔

محمد المومنی نےکہا کہ یہودی آباد کار اسرائیلی پولیس کی فول پروف سیکیورٹی اور سیاسی جماعتوں کی باضابطہ سرپرستی میں قبلہ اول میں داخل ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہودی آباد کاروں کے قبلہ اول پر دھاووں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں کے مسجد اقصیٰ میں داخلے پر عاید پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ سوموار کے روز علی الصباح 50 یہودی آباد کار اسرائیلی پولیس کی فراہم کردہ فول پروف سیکیورٹی میں مسجد اقصیٰ میں داخل ہوئے اور مذہبی رسومات کی ادائی کی آڑ میں مقدس مقام کی بے حرمتی کی۔

مختصر لنک:

کاپی