یہودیوں کے مذہبی تہوار "عید الفصح” کی سات روزہ تقریبات کی آڑ میں فلسطین کے تمام شہروں میں اسرائیلی فوج کی غیرمعمولی نفری تعینات کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے کے تمام شہروں کو اگلے 48 گھنٹوں کے لیے اسرائیلی فوج کی تحویل میں دے دیا گیا ہے۔
اسرائیل کے عبرانی اخبار "یدیعوت احرونوت” نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جمعرات کی شام سے اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے اہم مقامات کا کنٹرول سنھبال لیا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہودیوں کے کل 22 اپریل بروز جمعہ سے شروع ہونے والے سات روزہ مذہبی تہوارعید الفصح کے دوران ابتدائی طور پر 48 گھںٹوں کے لیے مغربی کنارے میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ جمعرات کی شام کے بعد جمعہ کا دن اور ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب تک سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔
ادھر بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس نے دو فلسطینی شہریوں نور الشلبی اور عمر ابو عرفہ کو چار سے 10 دن تک مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا ہے۔ بیت المقدس میں اسرائیلی پولیس کی تلاشی کی کارروائیوں میں امیر بلبیسی، انس عابدین نامی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا جب کہ محمد ابو شوشہ نامی شہری کو حراستی مرکز میں طلب کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج ہرسال یہودیوں کی عید الفصح کی آمدکے موقع پر فلسطینی شہریوں میں امن وامان کی آڑ میں غیراعلانیہ کرفیو لگا دیتی ہے جس کے نتیجے میں یہودیوں کو کھلی چھٹی اور فلسطینیوں کے گھروں سے باہرنکلنے پر بھی پابندیاں عاید ہوتی ہیں۔