شنبه 10/می/2025

امریکا کے سب سے بڑے مالیاتی ادارے نے اسرائیلی کمپنی سے تعلق توڑ لیا

منگل 15-ستمبر-2009

حقوق انسانی کی تنظیموں اور سرمایہ کاروں کے دبائو پر امریکی ایسوسی ایشن برائے انشورنس و سالانہ وظائف اور ریٹائرمنٹ فنڈ (TIAA-CREF) نے اس اسرائیلی کمپنی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے جو مقبوضہ فلسطینی سرزمین پر یہودی تعمیرات میں ملوث تھی-
 
اسرائیلی اخبار ’’یدیعوت احرونوت‘‘ کے مطابق امریکی اساتذہ کے اس ویلفیئر ادارے نے کہا ہے کہ اب اس کا افریقہ اسرائیل انویسٹمنٹ لمٹیڈ سے کوئی تعلق نہیں- رپورٹ کے مطابق 30 جون 2009ء تک افریقہ اسرائیل انویسٹمنٹ لمیٹڈ نامی اس صیہونی کمپنی کے کچھ شیئرز ’’کریف‘‘ کے سٹاک اکاونٹ میں موجود تھے مگر اب یہ شراکت داری ختم کردی گئی ہے-

مشرق وسطی کے اتحاد برائے انصاف جس کا صدر دفتر نیویارک میں ہے اس کے 60 سے زائد شیئرز ہولڈرز نے امریکا کے ویوہیکل پنشن فنڈز کے حامل اس ادارے کو خط لکھ اتھا کہ اسرائیلی کمپنی سے تعلق توڑ لیا جائے- اس مراسلے میں کہا گیا تھا کہ مذکورہ بالا اسرائیلی کمپنی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں صیہونی تعمیرات میں ملوث ہونے کے باعث نہ صرف حقوق انسانی کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوئی ہے بلکہ عالمی قوانین کو بھی پامال کر رہی ہے-
 
افریقہ اسرائیل لمیٹڈ ایک اسرائیلی ارب پتی اور ہیروں کی تجارت کے سرخیل لیولیو یو کی ملکیت ہے جو یہودی تعمیرات کی حمایت سے متعلق مشہور ہے- اس کمپنی نے ہی فلسطینی گاوں بلعین میں یہودی تعمیرات کیلئے دانیابس نامی کمپنی کو کنٹریکٹ دیا- یہ کمپنی مقبوضہ بیت المقدس کو بھی مغربی کنارے سے کاٹ کر وہاں یہودیوں کیلئے گھر بنا رہی ہے- فلسطینیوں کو بیدخل کرکے ان کی زمینوں پر قبضہ کرنے والے ایک اسرائیلی گروپ کو سب سے زیادہ فنڈز لیولیویو سے ہی ملتے ہیں-

مشرق وسطی اتحاد برائے انصاف کے ارسال کردہ مراسلے میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا تھا کہ امریکی پنشن فنڈز کے سب سے بڑے ادارے کے ایک ایسی اسرائیلی کمپنی سے تجارتی مراسم ہیں جو کھلم کھلا یہودی تعمیرات میں ملوث ہے اگرچہ متذکرہ بالا امریکی کمپنی نے افریقہ اسرائیل لمیٹڈ نامی یہودی کمپنی سے لاتعلقی کا اعلان کردیا ہے مگر ’’کریف‘‘ کی 30 جون کو جاری کی گئی فنانشل رپورٹ بتاتی ہے کہ یہ کمپنی اپنے صارفین کو رقوم کو متعدد ایسی اسرائیلی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کیلئے استعمال کررہی ہے جو یہودی تعمیرات میں ملوث ہیں-
 
مثال کے طور پر اسرائیلی ڈسکائونٹ بینک‘ سلیکام اسرائیل‘ بزیق اسرائیلی ٹیلی کمیونی کیشن‘ بینک لیولی‘ موٹرولا اور اس طرح کی دیگر کمپنیاں- ’’TIAA-CREF‘‘ نامی اس امریکی کمپنی کے حجم کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے اثاثے 400 بلین ڈالر سے زائد ہیں اور امریکا کے15000 تعلیمی اداروں میں اس کے 3٫6 ملین سرمایہ موجود ہیں- ادھر مغربی کنارے میں 164  یہودی کالونیاں ہیں جنہوں نے مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا 40 فیصد حصہ ہڑپ کر رکھا ہے-
 
عالمی برادری کے نزدیک یہ تمام یہودی تعمیرات عالمی قوانین کے منافی اور غیرقانونی ہیں- یہی وجہ ہے کہ مشرق وسطی اتحاد برائے انصاف نے افریقہ اسرائیل لمیٹڈ کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے تناظر میں مہم چلا رکھی ہے- رواں سال مئی کے مہینے میں حکومت ناروے کے پنشن فنڈ نے افریقہ اسرائیل لمیٹڈ سے تعلق توڑنے کا مطالبہ کیا تھا- پانچویں بڑے حصہ دار افریقہ اسرائیل لمیٹڈ کا ساتواں بڑا حصہ بلیک راک پہلے ہی اس کمپنی سے لاتعلقی کا اعلان کر چکا ہے- سویڈن کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ سویڈش حکومت کا پنشن فنڈ جو افریقہ اسرائیل کمپنی کا دسواں بڑا حصہ دار تھا‘ اس نے بھی اپنے کاروباری مراسم ختم کر دیئے ہیں-

مختصر لنک:

کاپی