ایک برطانوی اخبار نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیلی فوج حکم ملنے پر ایران کی ایٹمی تنصیات پر حملے کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ یہ خبر ایران میں آرمڈ ڈے کے موقع پر برطانوی اخبار "دی ٹائمز” میں ہفتے کے روز شائع ہوئی۔ ایران میں آرمی ڈے کے سلسلے میں ہونے والی پریڈ گذشتہ پریڈیوں کے مقابلے میں زیادہ پرجوش نہیں تھی۔
اخبار نے ایک نامعلوم سیکیورٹی اہلکار سے یہ بیان منسوب کیا ہے کہ” اسرائیل جاننا چاہتا ہے کہ اگر اس کی فوج کو حکم دیا جائے تو وہ ایران پر دنوں بلکہ گھنٹوں میں حملہ کر سکیں۔
اس مقصد کے لئے ہر سطح پر تیاریاں جاری ہیں۔ ایران کے لئے یہ کھلا پیغام ہے کہ اسرائیل اپنے الفاظ کو عملی جامہ پہنانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
تیاریوں کے سلسلے میں اسرائیل ائیربورن وارننگ اینڈ کنٹرول ۔ اواکس ۔ طیارے حاصل کر رہا ہے۔ اخبار کےمطابق تل ابیب حملوں کو کامیاب بنانے کے لئے علاقائی مشن بھی روبعمل لا سکتا ہے۔
مشرق وسطی میں ایٹمی صلاحیت رکھنے والا اکلوتے ملک اسرائیل کو شک ہے کی اسلامی جمہوریہ ایران اپنے ایٹمی پروگرام کو نیوکلئیر اسلحہ تیار کرنے کی خاطر استعمال کر سکتا ہے۔ ایران ہمیشہ سے اس الزام کی تردید کرتا چلا آیا ہے