مرکز انسانی حقوق کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ قابض فوج نے انیس فروری سے چھبیس فروری تک مغربی کنارے میں 35 دراندازیاں کیں، اس دوران کم از کم 42 شہریوں کو گرفتار اور 19 کو گولیاں مار کر زخمی کردیا گیا –
زخمیوں میں آٹھ بچے بھی شامل ہیں- چودہ افراد کو مغربی کنارے کے علاقے ’’بلعین‘‘ سے گرفتار کیا گیا- رپورٹ کے مطابق قابض فوج نے اندھا دھند گرفتاریوں کے دوران خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا – گرفتار شدگان میں چھ بچے بھی شامل ہیں-
رپورٹ کے مطابق قابض فوج کی جانب سے دراندازی کی کارروائیوں کے دوران شہریوں کے بلا جواز گرفتاریوں کے ساتھ ساتھ شہری املاک کو بھی تباہ کیا گیا – قابض فوج کی دراندازی کی کارروائی کے دوران’’ طمون‘‘ کے علاقے میں تفتیشی کتوں کے حملے سے ایک معمر فلسطینی بھی شدید زخمی ہو گیا –
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کی فضاؤں میں لڑاکاطیاروں کی پروازیں روز کا معمول ہیں،جس کی وجہ سے شہروں میں مسلسل خوف و ہراس کی فضا پائی جارہی ہے-