اسرائیلی فوجی عدالت نے ’’عوفر‘‘ جیل میں قید فلسطینی مجلس قانون ساز کے رکن احمد عبدالعزیز کو انتالیس ماہ کی قید کی سزا سنا ئی ہے- انہوں نے 2006 ء میں رام اللہ سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے پارلیمانی گروپ اصلاح و تبدیلی کے پلیٹ فارم انتخابات میں حصہ لیا تھا اور اس میں کامیابی حاصل کی تھی، عبدالعزیز تئیس ماہ پہلے ہی قید کاٹ چکے ہیں-
دوسری جانب فلسطینی مجلس قانون ساز نے اسرائیلی عدالت کے ظالمانہ فیصلے پر کڑی تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینی اراکین مجلس قانون ساز سے انتقامی پالیسی پرعمل پیرا ہے- مجلس قانون ساز کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کو طویل مدتی سزائیں سنانے سے فلسطینی عوام کے عزم استقامت کو شکست نہیں دی جا سکتی-
بیان میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل بے گناہ شہریوں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کریں اور اسرائیل کو معصوم شہریوں کو سزائیں دلوانے سے روکیں-