اسرائیلی انتخابات کے پیچیدہ نتائج کے بعد صدر شمعون پیریز کے لیے مشکلات پیدا ہوگئی ہیں کہ وہ کس پارٹی کو حکومت کی تشکیل کی دعوت دیں-
غیر سرکاری نتائج کے مطابق زیپی لیونی کی کدیما پارٹی انتخابات میں بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے جبکہ دوسری جانب لیکوڈ پارٹی کے سربراہ بنیامین نیتن یاھو کو دائیں بازو کی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے –
دائیں بازو کی جماعتوں کو 65 جبکہ اس کے مقابلے میں بائیں بازو کی جماعتوں کو پچپن نشستیں حاصل ہوئیں ہیں جن میں عرب جماعتوں کی گیارہ نشستیں بھی شامل ہیں- اگر یہ گیارہ نشستیں نکال دی جاتی ہیں تو بائیں بازو کی طاقت صرف 44 نشستیں بچ جاتی ہیں-
شمعون پیریز کے دفتر کے ذرائع کے مطابق ابھی تک اسرائیلی صدر نے حکومت کی تشکیل کے حوالے سے پارٹیوں کے سربراہان سے مشورے شروع نہیں کیے- شمعون پیریز انتخابات کے سرکاری نتائج کے بعد پارٹیوں کے سربراہان سے ملاقات کریں گے- سرکاری نتائج کا اعلان 18 فروری کو کیا جائے گا