اسرائیل میں دائیں بازو کی مذہبی انتہا پسند جماعت ’’اسرائیل بیتنا‘‘ کے سربراہ آفی گیدور لیبر مین نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کی قیادت کو قتل کرنے اور غزہ سے حماس کا صفایا کرنے پر یقین رکھتے ہیں- اسرائیلی عوام بہت جلد حماس کے ہاں قیدفوجی گیلاد شالت کی رہائی کی خوشخبری سنیں گے-
حکومت کو گیلاد کی رہائی کے لیے حماس کی صف اول کی قیادت کو قتل کرنے کی ضرورت بھی پڑی تو اس سے گریز نہیں کیا جائے گا- اسرائیلی انتخابات کے بعد پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لیبرمین کا کہنا تھا کہ وہ حکومت میں شمولیت کے لیے جلد دوسری جماعتوں کے ساتھ مذاکرات شروع کریں گے، وہ ایک ایسی حکومت میں شامل ہونا چاہتے ہیں جو حماس کے بارے سخت رویہ رکھنے والی اور اس کی قیادت کو ختم کرنے اور غزہ سے اس کے تسلط کے خاتمے کے ایجنڈے پر کام کرنا چاہتی ہو – یاد رہے اسرائیل بیتنا نے حالیہ عام انتخابات میں تیرہ نشستیں حاصل کی تھیں-