اسرائیلی وزیرخارجہ اور حکومتی جماعت کدیما کی سربراہ زیپی لیونی نے اپنے خطاب میں کہاکہ اسرائیلی انتخابات کے نتائج سے ثابت ہوجائے گا کہ کیا ہم امن کی طرف دوسرا قدم اٹھانے کے لئے تیار ہیں- کیا اسرائیل یہودی ریاست رہے گایا اسے دو قومی ریاست بنایا جائے گا، کیا ہم خوف میں زندگی گزاریں گے یا پھر امن کی امید پیدا ہوگی- واضح رہے کہ اسرائیل مڈٹرم الیکشن 10فروری کو منعقد ہو رہے ہیں-
زیپی لیونی نے مزیدکہاکہ انہیں علم ہے کہ سیاسی عمل پیچیدہ ہے- لیکن وہ نہیں چاہتی کہ ان کے بارے میں یہ کہاجائے کہ انہوں نے موقع ضائع کردیا- اسرائیلی صدر شمعون پیریز نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی برادری کی طرف سے اسرائیل پر تنقید کو غلط ٹی وی تاثر قرار دیا-
اسرائیلی وزیر اور سیاسی جماعت ساش کے سربراہ ایلے یشائے نے ایک راکٹ کے بدلے میں 10فلسطینی گھروں کو تباہ کرنے کا مطالبہ کیا- ایلے یشائے نے کہاکہ اگر غزہ کی جانب سے ایک راکٹ بھی فائر کیا جائے خواہ وہ میدان یا سمندر میں ہی کیوں نہ گرے اس کے مقابلے میں فلسطینیوں کے 10گھر تباہ کردیئے جانے چاہئیں-