یکشنبه 11/می/2025

لیکوڈ پارٹی کی کامیابی سے اسرائیل امریکہ تعلقات متاثر ہوں گے: زیپی لیونی

پیر 26-جنوری-2009

اسرائیلی وزیر خارجہ اور حکمران جماعت کدیما کی سربراہ زیپی لیونی نے خدشہ ظاہرکیا ہے کہ آئندہ اسرائیل میں نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈپارٹی کی حکومت بننے سے امریکہ اسرائیل تعلقات بری طرح متاثر ہو سکتے ہیں-

کثیر الاشاعتی اخبار’’ہارٹز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے ایک بند کمرہ اجلاس میں زیپی لیو نی کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی لیکوڈپارٹی کی حکومت کے دوران امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات متاثر رہے ہیں، تاہم بعد ازاں کدیما پارٹی کی حکومت کی وجہ سے دونوں ممالک میں کشیدگی کم ہو گئی تھی- لیونی نے مزید کہا کہ نو منتخب امریکی صدر باراک حسین اوبامہ کی جانب سے جارج میچل کو مشرق وسطی کے لیے امن مندوب مقرر کرنے کے بعد ہمارے لیے بہترین موقع ہے کہ اس سے فائدہ اٹھائیں-
 
باراک اوبامہ بھی خطے میں قیام امن کے لیے ٹھو س بنیادوں پر کام کرنے کی پالیسی اختیار کریں گے، ایسے میں اسرائیل میں مذاکرات مخالف کسی جماعت کی حکومت کے قیام سے امریکہ کی حمایت کم ہو جائے گی- انہوں نے نیتن یاہو کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امن مذاکرات مخالف کسی بھی جماعت کو باراک اوبامہ کی جانب سے شدید دبائو کا سامنا کرنا پڑے گا –

اگر اسرائیل کی جانب سے خاطر خواہ تعاون نہ کیا گیا تو امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تعلقات  بری طرح متاثر ہوں گے-دوسری جانب سرائیلی وزیر دفاع ایہود باراک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت امریکہ کے ساتھ چلنے کی صلاحیت صرف ایہود باراک میں ہے-

مختصر لنک:

کاپی