سه شنبه 13/می/2025

بھارت:ممبئی میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعات: 100افراد ہلاک

جمعرات 27-نومبر-2008

بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں بدھ کی رات سسلسلہ وارفائرنگ کے واقعات اور متعدد بم دھماکوں میں کم سے کم 100 افراد ہلاک اور250سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں جبکہ فوج سمیت سکیورٹی فورسز نے پورے شہر کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شہرمیں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے.

بھارتی ٹی وی چینلزکے مطابق ممبئی شہر کے جنوبی علاقے میں سولہ بم دھماکے ہوئے ہیں اوربارہ سے سولہ جگہوں پرفائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں.دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران بھارتی سکیورٹی فورسز کے تین افسر ہلاک ہوگئے ہیں.دہشت گردوں کی یلغارکے بعد شہر میں ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے ۔

موقر بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے ممبئی کے حکام کے حوالے سے 80 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے .اخبار کی رپورٹ کے مطابق رات ساڑھے دس بجے کے قریب سات مختلف جگہوں پر بیک وقت بم دھماکوں اوربعض مقامات پرخودکار اے کے 47 رائفلوں سے فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا.حملہ آوروں نے ممبئی کے مصروف چھتر پتی شیواجی ٹرمنس سٹیشن سمیت گیارہ سے سولہ مقامات پر قبضہ کرلیااوران کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ شدید لڑائی ہوئی.

اطلاعات کے مطابق 12منزلہ تاج ہوٹل سے دہشت گردوں نے 2دستی بم پھینکے جن کے نتیجے میں زبردست دھماکے سنائی دئے۔ تاج ہوٹل میں چھپے ہوئے دہشت گردوں نے مبینہ طور پر متعدد افراد کو یرغمال بنا لیا ہے جن میں متعدد غیر ملکی شامل ہیں۔

ہوٹل میں موجود بعض افراد نے اپنے طور پر باہر نکلنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ۔ حملے کےبعدفوج کے کمانڈوز کو طلب کر لیاگیا اور بعض کمانڈوز ہوٹل کے اندر جانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں ان کی دہشت گردی سے لڑائی ہورہی ہے اور بم دھماکوں کی بھی آوازیں سنائی دے رہی ہے.

ممبئی کے سیون سٹار ہوٹل تاج محل کے عقبی حصے اور قلابہ مارکیٹ میں لیوپولڈ کیفے کے باہر سے بھی فائرنگ کی اطلاعات ملی ہیں۔آٹھ حملہ آورنریمان پوائنٹ پرواقع اوبیرائے ہوٹل میں گھس گئے اور انہوں نے خود کار ہتھیاروں سے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی.پولیس کے مطابق ہوٹل کے اندرمسلح افراد چھپے ہوئے ہیں جو پولیس اورسکیورٹی عملے پر فائرنگ کر رہے ہیں.بم دھماکوں کے بعد ہوٹل میں آگ لگ گئی.

واضح رہے کہ ممبئی کے جنوبی علاقے میں زیادہ تر امیر اور رئیس لوگ رہتے ہیں. حکام نے بتایا ہے کہ صرف ایک ہسپتال میں بم دھماکوں اور فائرنگ میں مرنے والے 25 افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں جبکہ ہسپتالوں میں مسلسل رات گئے تک لاشیں اور زخمیوں کو لانے کا سلسلہ جاری تھا.

عینی شاہدین کا کہناہے کہ ممبئی میں بم دھماکے اور فائرنگ کرنے والے فدائین حملہ آور معلوم ہوتے تھے .ممبئی کے کمشنر جنرل اے این رائے نے کہا ہے کہ دوافراد کو ہلاک اور دو کوگرفتار کرلیا گیا ہے.ممبئی میں یورپی پارلیمان کے ایک رکن نے بتایا کہ انہوں نے اپنے سامنے ایک مسلح شخص کو فائرنگ کرتے اور لوگوں کو زمین پر گرتے ہوئے دیکھا جس کے بعد سکیورٹی کے عملے نے ہوٹل کو گھیرے میں لے لیا۔

نئی دہلی میں بھارتی وزیرداخلہ شیو راج پٹیل نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے دوسو خصوصی کمانڈوزکو ممبئی بھیجنے کا حکم دیا ہے.ممبئی شہر میں دہشت گردی کے حملے کے بعد خوف وہراس پھیل گیا اور پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھروں ہی میں رہیں اور دہشت گردوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کا حکم دیا گیا ہے.

میڈیا اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں کے بارے میں کچھ پتا نہیں چلا کہ ان کا تعلق کس گروہ سے ہے اور نہ حملہ آوروں کے مقاصد کے بارے میں کچھ پتا چل سکاہے.حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے حملوں میں مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے.

مختصر لنک:

کاپی