سه شنبه 13/می/2025

شام مشرق وسطیٰ امن عمل کے لئے آگے بڑھے :برطانیہ

بدھ 19-نومبر-2008

برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈیوڈ ملی بینڈ نے شام اور اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ امن بات چیت میں آگے بڑھیں.انہوں نے دعویٰ کیا کہ شام کی جانب سے فلسطینی تنظیم حماس کی حمایت کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں امن کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے.

منگل کو دمشق میں شامی صدر بشارالاسد سے مذاکرات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملی بینڈ نے کہا کہ وہ شام کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کی حمایت کرتے ہیں جس کے بعدلبنان اور دوسرے عرب ممالک کے ساتھ بھی ایسے معاہدوں کی راہ ہموار ہوسکتی ہے.

انہوں نے کہا کہ ”ہم اسرائیل اور شام کے درمیان حال ہی میں ہونے والے بالواسطہ مذاکرات کے چارادوار کا خیر مقدم کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں یہ سلسلہ نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا”.

ملی بینڈ نے کہا کہ انہوں نے بشارالاسد کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں امن کے عمل کو آگےبڑھانے کے لئے تبادلہ خیال کیا ہے اور شام کے لبنان اورعراق کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی پر برطانیہ کی جانب سے اطمینان کااظہار کیا ہے.

اس موقع پر شامی وزیرخارجہ ولید المعلم کا کہناتھا کہ ”شام مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لئے مغرب کے اسرائیل کے ساتھ بہتر تعلقات کا فائدہ اٹھانا چاہتا ہے”.

مختصر لنک:

کاپی