مصرنے صحرائے سینا میں ایک ٹن ٹی این ٹی دھماکا خیز مواد پکڑاہے جس کے بارے میں حکام کا خیال ہے کہ اسے غالباً غزہ کی پٹی کی جانب لے جانے کے لئے ذخیرہ کیا گیا تھا.
مصر کے حکام نے جمعہ کے روز بتایا ہے کہ پولیس نے مقامی لوگوں کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعد ایک زیر زمین ٹھکانے سے طاقتور دھماکا خیز مواد سے بھرے صندوق پکڑے ہیں .
ایک پولیس عہدے دار نے کہا کہ غالباًاس ٹی این ٹی کی منزل غزہ تھی.تاہم انہوں نے کہا کہ اس کیس کے سلسلہ میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی.
واضح رہے کہ اسرائیل اورامریکا اکثرمصر پر یہ الزام عاید کرتے رہتے ہیں کہ وہ غزہ میں غیر قانونی اسلحے کی اسمگلنگ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات نہیں کررہا ہے.
دوسری جانب مصرنے اس الزام سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اکثر اوقات غزہ کی سرحد کے ساتھ ان سرنگوں کے خلاف کارروائی کرتی رہتی ہیں جنہیں اسمگلراسلحہ اوردوسرے سامان کوغیرقانونی طور پرغزہ لے جانے کے لئے استعمال کرتے ہیں.