سه شنبه 13/می/2025

اسرائیل کے جنگی طیاروں کی لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی

ہفتہ 1-نومبر-2008

اسرائیل کے بارہ جنگی طیاروں نے جمعہ کو اقوام متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شمالی اور جنوبی لبنان کی فضائی حدود میں پروازیں کی ہیں.

لبنانی فوج نے ہفتہ کو ایک بیان میں کہا ہےکہ اسرائیل کے چھے جنگی طیاروں نے جنوبی گاٶں الماءالشاب پر تیس منٹ تک پرواز کی جبکہ دوسرے چھے طیاروں نے شمالی علاقے بیترون پر تیس منٹ تک پرواز کی.

”دشمن اسرائیل لبنان کی فضائی حدود اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادنمبر1701 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے”.بیان میں مزید کہا گیا ہے.

اسرائیلی فوج نے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں کیا. لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایک بغیرپائیلٹ جاسوس ڈرون سمیت تین طیاروں نے جمعرات کوبھی لبنان پر پروازیں کی تھیں.

اقوام متحدہ کی مذکورہ قرارداد کے تحت 2006ء میں اسرائیل کی لبنان کے خلاف جارحانہ جنگی مہم اور اس کی حزب اللہ کے ساتھ 34 روزہ جنگ کا خاتمہ ہواتھا.

اقوام متحدہ متعدد مرتبہ اسرائیل سے لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزیاں نہ کرنے کا مطالبہ کر چکی ہے.اس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی طیاروں کی پروازوں سے جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن مشن کی اعتباریت پرحرف آرہا ہےاور خطے میں استحکام کے لئے کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے.

اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حالیہ مہینوں کے دوران لفظی جنگ میں بھی تیزی آئی ہے اورتنظیم کے رہ نما حسن نصراللہ کا کہنا ہے کہ اگر کوئی نئی جنگ ہوئی تو اس میں اسرائیل کو تباہ کردیا جائے گا.

دوسری جانب اسرائیلی کابینہ کے وزراء بھی خبردار کر چکے ہیں کہ اگرحزب اللہ نے ان کے علاقے میں کوئی کارروائی کی تو لبنان کا انفراسٹرکچر تباہ کردیا جائے گا.

مختصر لنک:

کاپی