شام کے دارالحکومت دمشق میں جمعرات کو ہزاروں افراد نے عراق کی سرحد کے قریب امریکا کے مہلک حملے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے.
دمشق کے وسط میں واقع امریکی سفارتی خانے کے ارد گردبیسیوں سکیورٹی اہلکارتعینات کئےگئے تھے اور سفارتخانے کو پہلے ہی مظاہرے سے قبل تشدد کے کسی واقعہ کے پیش نظربند کردیا گیا تھا.
شہر کے وسط میں امریکی سفارتخانے سے کچھ فاصلے پر نکالے گئے احتجاجی جلوس میں شریک شامی نوجوانوں نے امریکا کے خلاف زبردست نعرے بازی کی.مظاہرین نے کہا کہ”نوآبادیات کار سن لیں شام کے عوام کو کبھی جھکایا نہیں جاسکتا”.
مظاہرین میں زیادہ تر سرکاری ملازمین اور طلبہ تھے.انہوں نے شامی پرچم اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر”امریکی دہشت گردی نامنظور”اور ”امریکی جمہوریت…..ابوکمال میں شہریوں کی ہلاکت” کے نعرے درج تھے.مظاہرین کئی گھنٹے کےاحتجاج کے بعد پرامن طورپر منتشرہوگئے اورتشدد کے کسی واقعہ کی کوئی اطلاع نہیں ملی.
واضح رہے کہ اتوار کوعراق کی سرحد کے قریب شام کے ایک گاٶں پرامریکی ہیلی کاپٹروں کے حملے میں آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے تھے.شام نے منگل کے روزامریکی فوج کی کارروائی کے خلاف احتجاج کے طور پر دمشق میں امریکی سفارتخانہ اورثقافتی مرکز بند کرنے کا حکم دیا تھا.