بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی اور تین دوسرے شہروں میں جمعرات کو یکے بعد دیگرے گیارہ بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں بیس افراد ہلاک اورسوسے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں.
گوہاٹی میں بم دھماکوں کے نتیجے میں متعدد گاڑیاں اور عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں . مقامی ٹیلی ویژن چینلزپردکھائی گئی فوٹیج میں آگ بجھانے والا عملہ گاڑیوں کو لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں کررہاہے. چینلزپرشہر کے وسط میں عمارتوں سے دھواں اٹھتے دکھا یا گیا ہے.
پولیس حکام کے مطابق گوہاٹی میں تین بم دھماکے سخت حفاظت والے علاقے میں سکیورٹی سیکریٹریٹ اور ریاستی اسمبلی کے قریب واقع سبزی اورفروٹ مارکیٹ میں ہوئے، جن میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں.
فوری طور پر کسی گروپ نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور یہ بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ایک ہی دن میں سات بم دھماکوں کے چھے ہفتے بعد ہوئے ہیں جن میں بیس سے زایدہ افراد ہلاک ہوگئے تھے.
اکتوبر میں اس سے پہلے آسام میں چار بم دھماکوں میں دوافراد ہلاک اور سوسے زیادہ زخمی ہوئے تھے.بھارتی پولیس نے مسلم عسکریت پسندوں پر ان بم دھماکوں کا الزام عاید کیا تھا .
آسام میںماضی میں ہوئے بم دھماکوں کا الزام متحدہ محاذآزادی آسام ،الفا پرعاید کیا جاتا رہا ہے جو 1979 ء سے آزاد وطن کے قیام کے لئے بھارتی حکومت کے خلاف مسلح جدوجہد کر رہی ہے .ریاست میں گذشتہ دو عشروں کے دوران تشدد کے واقعات میں دس ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں .