متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشدالمکتوم نے اتوار کو گٹیکس نمائش کا افتتاح کیا ہے۔
گٹیکس GITEX)) مشرق وسطیٰ کا سب سے بڑا ٹیکنالوجی شو ہےاوراس کا اہتمام دبئی کے ورلڈ ٹریڈ سنٹر نے کیا ہے۔ نمائش دبئی کے بین الاقوامی کنونشن اور نمائش سنٹر میں لگائی گئی ہے۔
اس اٹھائیسویں شو میں دنیا کے 83 ممالک سے تعلق رکھنے والی 3300سے زیادہ کمپنیوں نے اپنی اپنی مصنوعات نمائش کے لئے پیش کی ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ پانچ روز کے دوران ایک لاکھ تیس ہزار سے زیادہ وزیٹرزاسے دیکھنے کے لئے آئیں گے۔
اس شو کے دوران دنیا کی کئی بڑی کمپنیاں اپنی نئی مصنوعات متعارف کرا رہی ہیں اور اس سلسلہ میں وہ اعلانات بھی کر رہی ہیں۔ ان میں بلیک بیری، ڈیل، ڈیو، اتصالات، گوگل، ایچ پی، مائیکروسوفٹ، اوریکل، پیناسونک، سام سنگ، شارپ، سن مائیکروسسٹم اور سیمنٹک شامل ہیں۔
گٹیکس کی پرچون پراشیاء کی فروخت کے لئے ”شاپراور کنزیومرالیکٹرانکس نمائش” کا کل ہفتہ کو دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کے چئیرمین شیخ ماجد بن محمد بن راشد المکتوم نے افتتاح کیا تھا جس کے بعد الیکٹرانکس کی اشیاء کے خریداروں کی ایک بڑی تعداد امڈ آئی تھی۔
شوکے منتظم اوردبئی ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے ڈائریکٹر جنرل ہلال سعید المیری کا کہنا ہے کہ گٹیکس شاپر بڑی کمپنیوں کی جانب سے پیش کی جانے والی نئی مصنوعات کے خریداروں کے لئے گہری دلچسپی کا ایونٹ بن چکا ہے۔
گیٹکس شاپراورکنزیومرالیکٹرانکس نمائش دبئی کے ائیرپورٹ ایکسپو میں لگائی گئی ہے اور یہ 24 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ تاہم گیٹکس 2008ء نمائش میں صرف تاجراور کاروباری پروفیشنلزہی شرکت کر سکتے ہیں۔
نمائش میں ایک دن کے داخلے کے لئے پاس کی قیمت 40 درہم ہے اور پانچ دن کے لئے پاس کی قیمت 100 درہم مقرر کی گئی ہے۔ پاس رکھنے والوں کا گٹیکس بزنس سالوشنز، گلف کامز اور کنزیومر الیکٹرانکس سمیت تمام ایونٹس میں داخلہ کھلا ہے۔