ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں بدھ کے روز کرد باغیوں اور ترک فوجیوں کے درمیان جھڑپوں میں پانچ فوجی اور پانچ باغی ہلاک ہوگئے ہیں.یہ بات ترک فوج نے جمعرات کو ایک بیان میں بتائی ہے.
ترکی کے جنرل سٹاف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صوبہ حکاری میں کردستان ورکرزپارٹی پی کے کے سے تعلق رکھنے والے باغیوں نے بم حملے کے بعد ترک فوجیوں پر فائرنگ کردی جس میں چار فوجی ہلاک ہوگئے.
بیان کے مطابق فوجیوں کو لڑائی کی جگہ پرلے جانے والا ایک ہیلی کاپٹرفنی خرابی کی وجہ سے گرکر تباہ ہوگیا.حادثے میں ایک فوجی ہلاک اور پندرہ زخمی ہوئے ہیں. پانچ کرد باغی عراق کی سرحد کے قریب ترک فوج کی دومختلف کارروائیوں میں ہلاک ہوئے.
یاد رہے کہ دوہفتے قبل عراق کی سرحد کے قریب ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں کرد باغیوں کے حملے میں 17 فوجی ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد سے ترک فضائیہ کے طیارے قریباً روزانہ ہی شمالی عراق میں کرد باغیوں کوٹھکانوں کو نشانہ بنارہے ہیں .
پی کے کے سے تعلق رکھنے والے ہزاروں کردجنگجوٶں کے بارے میں یقین کیا جاتا ہے کہ انہوں نے شمالی عراق میں پناہ لے رکھی ہے جہاں سے وہ ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں فوجی اہداف کو نشانہ بناتے رہتے ہیں.
پی کے کے کو امریکا اور یورپی یونین نے ایک دہشت گرد تنظیم قرار دے رکھا ہے جبکہ ترکی کردباغیوں کو چالیس ہزار سے زیادہ افراد کی ہلاکتوں کا ذمہ دار قراردیتا ہے جو ان کی جانب سے 1984ء میں ترکی کے جنوب مشرقی علاقے میں الگ وطن کے قیام کے لئے مسلح جدوجہد کے آغاز کے بعدتشدد کے واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں.