روس نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے ٹوپول میزائل سمیت اتوار کو تین بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے تجربات کئے ہیں اور ان میں سے دوسب میرینز سے فائر کئے گئے ہیں.
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز نے اپنے ایک عینی شاہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ روس کے شمالی علاقے میں جنگلات میں گھرے پلیستسک رینج سے ٹوپول میزائل کا تجربہ مقامی وقت کے مطابق صبح تین بج کر تئیس منٹ پر کیا گیا.
تجربے سے قبل روس کے صدر دمتری میدویدیف نے آر ایس 12 ٹوپول میزائل کا معائنہ کیا جسے معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے ایس ایس 25 سیکل کا نام دیا ہے. یہ میزائل دس ہزار کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے اور یہ 550 کلو ٹن وارہیڈ لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے.