پنج شنبه 08/می/2025

ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے سپیکر اور ارکان پارلیمنٹ سے ملاقاتیں

ہفتہ 11-اکتوبر-2008

غزہ کے خلاف اسرائیلی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے کوشاں یورپی مہم نے یورپی یونین کے بیرونی تعلقات کے ہائی کمیشن سے اسرائیل سے تعلقات میں کمی لانے اور اقتصادی شراکت کے معاہدے پر عمل درآمد روکنے کا مطالبہ کیاہے- یورپی مہم کے وفد نے برسلز میں یورپی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور دیگر ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات پر تبادلہ خیال کیا- یورپی پارلیمنٹرینز کو غزہ کی تازہ ترین سیاسی ‘ اقتصادی اور انسانی صورت حال سے آگاہ کیاگیا-

یورپی مہم نے اسرائیل تعلقات بڑھانے کے یورپی یونین کے فیصلے کی مذمت کی – یورپی مہم کے وفد کے سربراہ ڈاکٹر عرفات ماضی نے کہاکہ یورپی یونین کو اسرائیل سے تعلقات میں کمی اور مشترکہ اقتصادی تعاون کے معاہدے پر عمل درآمد روک دینا چاہیے- اسرائیل انسانی حقوق کے متعلق بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی پاسداری نہیں کررہا- وفد نے فلسطین کی تازہ ترین سیاسی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے یورپی یونین کو علاقے میں سیاسی کردار ادا کرنے کی دعوت دی –

اسرائیل سے تعلقات بڑھانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے یورپی ہائی کمیشن کے نمائندوں نے کہاکہ اسرائیل اور یورپی یونین کے درمیان مشترکہ رابطے ہیں- ہمارا فیصلہ غزہ میں انسانی حالات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اسرائیل پر دباؤ کے لیے استعمال ہوسکتاہے-

ملاقات کے آخرمیں دونوں فریقوں نے فلسطینی اراضی میں ہونے والی پیش رفت بالخصوص انسانی صورت حال کے حوالے سے رابطے اور ملاقاتیں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا- وفد نے یورپی یونین کے رکن پارلیمنٹ لوئزا موگا نتینی سے علیحدہ ملاقات بھی کی جس میں یورپی پارلیمنٹ میں غزہ کے خلاف اسرائیلی ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے کوششیں کرنے پر زور دیا گیا-
 
اس سلسلے میں لوئزا موگا نیتنی نے انکشاف کیا کہ فلسطینیوں کی مشکلات سے آگاہی کے لیے رواں ماہ کے آخر میں یورپی پارلیمنٹ کا وفد مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی کا دورہ کرے گا-

مختصر لنک:

کاپی