پنج شنبه 08/می/2025

امریکی طیارے کوایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی پر اتار لیا گیا

بدھ 8-اکتوبر-2008

امریکا کے ایک فوجی طیارے نے منگل کے روز ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے جس کے بعد اسے زبردستی ایران میں اتارلیا گیا جبکہ پینٹاگان نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا.

ایران کی نیم سرکاری خبررساں ادارے فارس نیوزایجنسیی نے اطلاع دی ہے کہ امریکی فوجی طیارے نے غیر ارادی طور پر ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ واقعہ کب پیش آیا.

فارس نیوزایجنسی نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ امریکی فوج کے پانچ سنئیر افسروں سے ایران کے ایک ائیر پورٹ پر تحقیقات کی گئی اور جب یہ بات واضح ہو گئی کہ امریکی طیارہ جان بوجھ کر ایرانی حدود میں داخل نہیں ہوا تھا تو پھرانہیں چھوڑدیا گیا اور طیارے سمیت ان کی منزل کی جانب جانے دیا گیا.

ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق طیارہ ترکی سے افغانستان جارہا تھااور وہ غلطی سے ایران کی فضائی حدود میں داخل ہوگیا جس کے بعد اسے ایرانی طیاروں نے گھیرے میں لے کر زبردستی ایک ائیرپورٹ پر اتار لیا.

بعض میڈیا اطلاعات میں یہ بھی بتایا گیا ہے طیارہ ایک مغربی امدادی ادارے کے زیر استعمال تھا اور اس میں پانچ فوجی افسر اور تین سویلین سوار تھے.

دوسری جانب امریکا کے محکمہ دفاع پینٹاگان نے اس اطلاع کی تردید کی ہے کہ امریکا کے کسی طیارے کوایرانی حدود کی خلاف ورزی پر زبردستی اتاراگیا ہے.

پینٹاگان کے ایک ترجمان لیفٹیننٹ کرنل پیٹرک رائیڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ علاقے میں تمام امریکی طیاروں کی گنتی کی گئی ہے اور ہمیں اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ کسی امریکی طیارے نے ایران میں لینڈنگ کی ہے.پینٹاگان کے ایک اور ترجمان برائن وٹمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی ایسی کوئی اطلاع نہیں سنی.

مختصر لنک:

کاپی