پنج شنبه 08/می/2025

کرغزستان میں زلزلہ، درجنوں ہلاک، سینکڑوں زخمی

پیر 6-اکتوبر-2008

وسط ایشیائی ریاست کرغزستان میں حکام کے مطابق ملک کے جنوبی علاقے میں آنے والے زلزلے سے کم از کم اٹھاون افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ چھ اعشاریہ چھ شدت کا زلزلہ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے کے قریب آیا اور اس سے صوبہ اوش میں سو سے زائد عمارتیں تباہ ہوگئیں۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز تاجکستان میں تھا۔

چین کی سرحد کے قریب واقع دوردراز گاؤں نورا زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ کرغز وزیرکمچیبک تاشیوو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’تباہی کی تصویر نہایت خوفناک ہے۔ نورا گاؤں سو فیصد تباہ ہو گیا ہے اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے ہیں‘۔

کرغزستان کی وزارت برائے ہنگامی حالات کا کہنا ہے کہ امدادی کارکن تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے میں دبے ہوئے افراد کو تلاش کر رہے ہیں تاہم وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ دوردراز اور دشوارگزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

کرغزستان میں آنے والے اس زلزلے کے جھٹکے تمام وسط ایشیا، چین، افغانستان اور پاکستان تک میں محسوس کیے گئے ہیں۔ چین کے زنگ جیانگ صوبے میں زلزلے سے عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے تاہم وہاں سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

یاد رہے کہ یہ حالیہ چند ہفتوں میں آنے والا ایسا تیسرا زلزلہ ہے جس کا مرکز تاجکستان کے علاقے میں تھا۔ اس سے قبل ستمبر کے مہینے کی چھ اور بیس تاریخ کو بھی جو زلزلے آئے تھے ان کا مرکز تاجکستان کا پہاڑی علاقہ تھا۔

 

مختصر لنک:

کاپی