امریکا اور روس نے ایران کے ایٹمی مسئلہ پروزارتی سطح پر مزید بات چیت کرنے سےاتفاق کیا ہے.یہ بات ایک امریکی عہدے دار نے بدھ کے روز بتائی.
امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدے دار ڈینئل فرائیڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ نیویارک میں وزیرخارجہ کنڈولیزارائس اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف کے درمیان بات چیت میں اس سلسلہ میں سمجھوتہ طے پاگیا ہے.گذشتہ ماہ جارجیا کے بحران کے بعد دونوں کے درمیان یہ پہلی ملاقات تھی.
فرائیڈ نے کہا دونوں وزرائے خارجہ نے وزارتی سطح کی بات چیت پر اتفاق کیا ہے لیکن اس کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی.
فرائیڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ کنڈولیزارائس اورسرگئی لاوروف نے دونوں ممالک کی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطے پر بھی اتفاق کیا ہے تاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان امریکا ،روس،چین ،فرانس اوربرطانیہ اور جرمنی کے درمیان ایران کے مسئلہ پربات چیت کاعمل جاری رہے.
واضح رہے کہ امریکا اوراس کے پانچ بڑے شراکت دار ملکوں چین ،روس،برطانیہ،فرانس اور جرمنی نے اس ہفتے نیو یارک میں ایران کے ایٹمی تنازعے پر ہونے والا اجلاس ماسکو کی اس شکایت کے بعد ملتوی کرنے کا فیصلہ کیاہے کہ واشنگٹن اسے جارجیا کے تنازعے کی وجہ سے سزادینا چاہتا ہے.