پنج شنبه 01/می/2025

جنوبی افریقہ:امبیکی صدارت سے’الگ‘

پیر 22-ستمبر-2008

جنوبی افریقہ کے صدر تھابو امبیکی نے حکمران افریقن نیشنل کانگریس کی جانب سے استعفے کے مطالبے کے بعد عہدۂ صدارت سے الگ ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔
انہوں نے مستعفی ہونے کا اعلان ٹیلیویژن پر قوم سے خطاب میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ استعفٰی قومی اسمبلی کے سپیکر کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ امبیکی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ نئے صدر کے انتخاب کے ساتھ ہی اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔

تھابو امبیکی کی جانب سے استعفٰی کا اعلان ہائیکورٹ کے ایک جج کے بیان کے ایک دن بعد سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا تھا صدر امبیکی نے اپنے مخالف اور افریقن نیشنل کانگریس کے رہنما جیکب زوما کے خلاف جاری ایک رشوت ستانی کے مقدمے میں مداخلت کی تھی۔

امبیکی نے جیکب زوما کو سنہ 2005 میں نائب صدارت سے اس وقت علیحدہ کر دیا تھا جب ان کے مالیاتی مشیر ان کے نام پر رشوت ستانی میں ملوث پائے گئے تھے۔ تاہم اپنے خطاب میں تھابو امبیکی نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی طریقۂ کار میں کسی قسم کی دخل اندازی نہیں کی گئی۔ انہوں نے اس بات کو بھی رد کر دیا کہ وہ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے فائدہ مند فیصلہ لینا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے جانے کی تاریخ کا فیصلہ اے این سی کرے گی۔’میں باون برس سے افریقن نیشنل کانگریس کا وفادار رکن ہوں اور رہوں گا اور اس لیے میں اس کے فیصلے کا احترام کرتا ہوں‘۔ تھابو امبیکی نے سنہ 1999 میں نیلسن منڈیلا کے بعد جنوبی افریقہ کے صدر کا عہدہ سنبھالا تھا اور نامہ نگاروں کا کہنا ہے یہ واضح نہیں کہ ان کا جانشین کون ہو گا تاہم افریقن نیشنل کانگریس قائم مقام صدر کے لیے بظاہر قومی اسمبلی کے سپیکر بالیکا مبیتی کی حمایت کر رہی ہے۔

 

مختصر لنک:

کاپی