چهارشنبه 30/آوریل/2025

جان مکین امریکا کی قیادت کے لئے تیار ہیں : جارج بش

بدھ 3-ستمبر-2008

امریکہ کے صدر جارج ڈبلیو بش نے ریپبلیکن کنوینشن میں صدارتی امیدوار جان مکین کی خدمات اور قیادت کو سراہا ہے۔وائٹ ہاؤس سے ویڈیو فون کے ذریعے بات کرتے ہوئے انہوں نے سینٹ پال، مینیسوٹا میں مندوبین سے کہا کہ جان مکین ایک "زبردست امریکی اور اگلے صدر ہیں۔”

جمعرات کو جان مکین کو چار نومبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے ریپبلیکن جماعت کا صدارتی امیدوار نامزد کر دیا جائے گا۔  سن 2000 میں ڈیموکریٹک جماعت کے نائب صدر کے امیدوار سینیٹر لئبرمین نے بھی کہا ہے کہ جان مکین امریکہ کو متحد کریں گے۔

اپنے 8 منٹ کے خطاب میں صدر بش نے کہا کہ جان مکین ایسے صدر ہیں جو "اس خطرناک دنیا” میں مشکل فیصلے کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ "جان مکین کی زندگی نے انہیں اس طرح کے فیصلے کرنے کے لیے تیار کیا ہے۔ وہ قوم کی قیادت کے لیے تیار ہیں۔”

سینیٹر لئبرمین نے اپنے خطاب میں کہا کہ "جان مکین ملک کو متحد کرنے کے لیے اور اسے مستقبل میں لے جانے کے لیے سب سے بہتر انتخاب ہیں۔” سینیٹر لئبرمین نے جو کہ سن 2000 میں ڈیموکریٹک امیدوار الگور کے رننگ میٹ یعنی نائب صدر کے امیدوار تھے، کنوینشن میں ان کی موجودگی کی وجہ سے حیران لوگوں کو بتایا کہ وہ وہاں کیا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا: "میں یہاں جان مکین کی حمایت کے لیے آیا ہوں کیونکہ ملک جماعت سے زیادہ اہمیت رکھتا ہے۔”انہوں نے کہا کہ بارک اوباما ایک خدا داد صلاحیت رکھنے والے اور فصیح البیان نوجوان ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ "فصیح البیانی ریکارڈ کا متبادل نہیں ہے۔”

 

مختصر لنک:

کاپی