اسرائیل اور امریکہ نے شام اور روس کے درمیان دفاعی سازوں و سامان اور سامان حرب و ضرب کے معاہدے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے- امریکی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ روس شام دفاعی معاملات کے فروغ کو شدید تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے- شام کو دور مار کرنے والے میزائل فروخت کرنا خطے کو تباہی کی جانب دھکیلنا ہے-
دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے دھمکی دی ہے کہ اگر شام نے روس سے بلیسٹک میزائل خرید کر اپنی سرزمین پر نصب کیے تو انہیں تباہ کردیا جائے گا- انہوں نے کہا کہ شام کے بلیسٹک میزائل حاصل کرنے سے خطے میں اسلحہ کی دوڑ شروع ہو جائے گی جبکہ اس سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے-
اسرائیلی وزیر اعظم نے روسی صدر سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے شام کو اسلحہ فروخت کرنے کے ماسکو کے فیصلے پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا- واضح رہے کہ ماسکو اور دمشق جدید ترین اسلحہ کی فروخت کے معاہدے کی کوشش کررہا ہے-